
ویب ڈیسک :
اسلام آباد : سپریم کورٹ آف پاکستان میں کراچی میں رینجرز کے ہاتھوں ٹیکسی ڈرائیور کے قتل پر ازخود نوٹس کی سماعت کا آغاز ہوگیا۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کیس کی سماعت سماعت کر رہا ہے۔
سماعت کے آغاز میں چیف جسٹس آف پاکستان نے ریمارکس دیتے کہ واقعہ میں انسانی غفلت کا مظاہرہ کیا گیا، اس سے قبل سرفراز شاہ کے ساتھ بھی یہی معاملہ ہوا تھا۔ جس پر اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ڈی جی رینجرز راستے میں ہیں۔ ان کی آمد تک سماعت کچھ دیر تک ملتوی کردی جائے۔ جس پر عدالت نے ڈی جی رینجرز میجر جنرل رضوان کی آمد تک اٹارنی جنرل کی استدعا پر سماعت میں وقفہ کردیا۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے گزشتہ روز کراچی کے رہائشی ٹیکسی ڈرائیور مراد کا رینجرز اہل کاروں کے ہاتھوں قتل پر ازخود نوٹس لیا۔ ٹیکسی ڈرائیور مراد رواں ہفتے منگل کی شام اپنے ڈیڑھ سالہ بیٹے کے ہمراہ افطاری کا سامان لینے گھر سے نکلا تھا، لیکن گھر واپس نہ لوٹ سکا۔ گلستان جوہر میں رینجرز کی جانب سے رکنے کا اشارہ مراد کیلئے موت کا پیغام بن گیا۔ ٹیکسی نہ روکنے پر رینجر اہل کار نے ٹیکسی ڈرائیور پر فائرنگ کردی تھی، جس سے ڈرائیور مراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا تھا۔
میڈیا میں خبروں کے آنے کے بعد گزشتہ روز چیف جسٹس آف پاکستان نے ہلاکت پر ازخود نوٹس لیا، چیف جسٹس نے نوٹس کو آئینی درخواست میں تبدیل کرتے ہوئے آج کیس کا باقاعدہ آغاز کیا۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں جسٹس جواد ایس خواجہ اور جسٹس شیخ عظمت سعید پر مشتمل بینچ کیس کی سماعت کر رہا ہے
0 comments:
Post a Comment